ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جی ایس ٹی کے نئے ٹیکس سلیب غریب اور متوسط طبقے کے خلاف سازش: راہل گاندھی کا الزام

جی ایس ٹی کے نئے ٹیکس سلیب غریب اور متوسط طبقے کے خلاف سازش: راہل گاندھی کا الزام

Sun, 08 Dec 2024 11:17:29  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 8/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے مرکزی حکومت کی ٹیکس پالیسی پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے عام لوگوں کے لیے غیر منصفانہ قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ "مودی حکومت غریب اور متوسط طبقے پر ٹیکس کا دباؤ بڑھا رہی ہے، جبکہ بڑے سرمایہ داروں کو رعایتیں دی جا رہی ہیں۔" راہل گاندھی نے کارپوریٹ ٹیکس میں کمی اور عام عوام پر بڑھتے انکم ٹیکس کے بوجھ کو اجاگر کرتے ہوئے اسے حکومت کی غیر متوازن پالیسی کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’حکومت ’گبر سنگھ ٹیکس‘ کے ذریعے محنت کش طبقے کی کمائی چھیننے کی کوشش کر رہی ہے، جو سراسر ناانصافی ہے۔‘‘

راہل گاندھی نے اپنی شیئر کردہ پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ حکومت جی ایس ٹی (گڈس اینڈ سروسز ٹیکس) کی وصولی میں اضافے کے لیے ایک نیا ٹیکس سلیب لانے کی تیاری میں ہے۔ اس نئے ٹیکس سلیب سے عام لوگوں کی ضرورت کی چیزوں پر جی ایس ٹی کی شرحوں میں اضافے کا منصوبہ ہے۔ خاص طور سے 1500 سے زیادہ قیمت والے کپڑوں پر جی ایس ٹی کو 12 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے کی خبر پر انھوں نے سخت تنقید کی۔ راہل گاندھی نے کہا کہ شادی کے سیزن میں ان کنبوں کے لیے یہ ایک بڑا جھٹکا ہے جو مہینوں سے پیسے اکٹھے کر رہے ہیں۔

راہل گاندھی نے مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف جہاں حکومت ارب پتیوں کو ٹیکس میں چھوٹ دے رہی ہے اور ان کے بڑے بڑے قرض معاف کر رہی ہے، وہیں دوسری جانب متوسط اور غریب طبقوں کی محنت کی کمائی کو نشانہ بنا رہی ہے۔ راہل گاندھی نے پوسٹ کے اخیر میں حکومت کو خبردار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’پارٹی عام لوگوں پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنے اور اس لوٹ کو روکنے کے لیے حکومت پر ضرور دباؤ بنائے گی۔ کانگریس پارٹی اس ناانصافی کے خلاف مضبوطی سے آواز اٹھائے گی۔ ہماری لڑائی غریب اور متوسط طبقوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہے۔‘‘


Share: